784

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں اپنے سویڈن اور فن لینڈ کے ہم منصبوں سے ملاقات

اردونامہ ڈاٹ ای یو (اون لائن) پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں سویڈن کی وزیر خارجہ محترمہ این لنڈے اور فن لینڈ کے وزیر خارجہ مسٹر پیکا ہاوستو سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کیساتھ نہ صرف اہم شراکت دار ہے بلکہ انہیں یورپی یونین کے اہم اراکین کی حیثیت سے اہمیت بھی دیتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دونوں وزرائے خارجہ سے باہمی تعاون کے شعبوں بشمول تجارت ، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے اور اس امر کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں کاروباری دوستانہ ماحول سے فائدہ اٹھانے کے لیے آنے والی سویڈش اور فنس کمپنیوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سویڈش وزیر خارجہ این لنڈے اور فن لینڈ کے وزیر خارجہ مسٹر پیکا ہاوستو کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے سویڈش اور فنس ہم منصبوں کو افغانستان کی صورتحال پر نہ صرف پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا بلکہ امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی برادری کی مصروفیت کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے، اس دوران سویڈش وزیر خارجہ نے افغانستان سے سویڈش شہریوں کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے سویڈن اور فن لینڈ کے وزراء خارجہ کیساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر (آئی آئی او جے کے) میں ہندوستان کی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں ایک دستاویز بھی شیئر کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں