255

منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم کے زیراہتمام میلاد النبی کانفرنس

اردونامہ (اون لائن) سویڈش شہر سٹاک ہوم کے علاقے مارشتا میں بروز ہفتہ 30 اکتوبر شام پانچ بجے ایک عظیم الشان محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس میں سٹاک ہوم سمیت سویڈن کے دوسرے شہروں سے سینکڑوں پاکستانیوں نے اپنے خاندانوں سمیت شرکت کی۔ یہ تقریب ڈاکٹر ذیشان عتیب کی زیرصدارت جبکہ بزرگ شخصیت چوہدری رحمت علی صاحب کی زیرنگرانی منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر منہاج القرآن سٹاک ہوم علامہ ظفر عباس طاہر صاحب تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں منہاج القرآن سٹاک کے جنرل سیکٹری میاں یسین اعجاز صاحب، مارشتا مسجد اہل بیت کے امام سید ہادی حسن صاحب، منہاج القرآن سٹاک ہوم کے سابقہ صدر اور مشہور وکیل جناب شفقت کھٹانہ، پی کے آئی ایف کے صدر جناب عاشق حسین صاحب، منہاج القرآن سٹاک ہوم کے نائب صدر جناب عبدالرزاق صاحب، جوائنٹ سیکٹری جناب ارشد گجر صاحب، منہاج القرآن کی سکالر محترمہ نادیہ باجی اور معروف کاروباری شخصیت جناب بابر شیخ اور سعید شیخ صاحب کے نام شامل تھے۔

تقریب کا آغاز حافظ قدیر صاحب نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور خوبصورت لب ولہجہ سے اس تقریب کی نظامت کے فرائض بھی انجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد نعت خوانوں نے اس تقریب کو چارچاند لگا دیئے۔ اہم نعت خوانوں میں صدر منہاج نعت کونسل سٹاک ہوم سجاد حسین قادری صاحب، کرامت علی، مدثر نعیم، محمد عقیل، قادری انور اور بشارت علی صاحب کے نام شامل تھے۔

مارشتا مسجد کے امام جناب ہادی حسن صاحب نے منہاج القرآن کو مارشتا میں ابھرتے ہوئے چاند کی روشنی اور خوشگوار اضافہ قرار دیا، انہوں نے مختلف سلائیڈز اور اعدادوشمار کی مدد سے افریقن اور عربی بولنے والے مسلمان نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور قتال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، حالانکہ مذکورہ نوجوان پاکستانی نہیں ہیں پھر بھی ایک امت سے تعلق ہونے پر انہوں نے اس مسلئے کو تعلیم وتربیت سے حل کرنے پر زور دیا۔

منہاج القرآن کی نوجوان سکالر محترمہ نادیہ صاحبہ نے منہاج القرآن کے تعاون سے مارشتا کی اہل بیت مسجد میں بچوں کی اسلامی تعلیم کی کلاسز کا اعلان کیا، نیچے دی گئی تصاویر میں آپ کلاسز میں پڑھائی کے شیڈیول اور داخلہ لینے کے طریقوں سے واقفیت حاصل کرسکتے ہیں۔

علامہ ظفر عباس طاہر صاحب نے نبی صلی اللہ وسلم کی احادیث کے حوالے دیکر علم سیکھنے پر زور دیا اور نبی صلی اللہ وسلم کی زندگی سے ایک واقعہ سنایا جسکے مطابق جب نبی صلی اللہ کو جبرائیل علی السلام نے سامنے بیٹھے صحابی کی چند لمحوں بعد موت کی خبر دی تو آپ صلی اللہ وسلم نے اس صحابی کو ان چند لمحوں میں بھی علم اور دین سیکھنے کی تاکید کی۔ علامہ ظفر صاحب نے بیٹے اور بیٹیوں میں عدل و انصاف کرنے پر زور دیا اور ایک واقعہ سنایا جس سے بیٹیوں کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے، اس واقعے کے مطابق ایک شخص کی چھ بیٹیاں تھی اور اسکی بیوی کے ساتویں حمل کے دوران اس نے دھمکی دی کہ اگر اس دفعہ بھی بیٹی پیدا ہوئی تو وہ اسے طلاق دے دے گا، یہ دھمکی دے کر وہ شخص سو جاتا ہے اور خواب میں دیکھتا ہے کہ اسے جہنم میں پھینکا جا رہا ہوتا ہے اور پہلے سے چھٹے دروازے پر اسکی چھ بیٹیاں کھڑی ہوتی ہیں جو اسے جہنم میں جانے سے روک لیتی ہیں فرشتے اسے ساتویں دروازے کی طرف لیکر جارہے ہوتے ہیں تو اسکی آنکھ کھل جاتی ہے اور اسکے منہ سے دعا نکلتی ہے کہ کاش ساتویں دفعہ بھی اسکے گھر بیٹی ہی پیدا ہوجائے جو اسے جہنم میں جانے سے روک دے۔

اس تقریب میں مارشتا سے تعلق رکھنے والے رانا انعام الحق صاحب کو مارشتا میں منہاج القرآن کا صدر اور سرفراز صاحب کو جنرل سیکٹری مارشتا بنانے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب کے آخر میں خواتین وحضرات میں لنگر تقسیم کیا گیا اور حاضرین محفل نبی صلی اللہ وسلم کی محبت آنکھوں اور دل میں لیے رخصت ہوگئے۔ اللہ سے دعا ہے کہ اس تقریب کو منعقد کرنے اور اس کام میں مالی حصہ ڈالنے والوں کے دلوں کو نبی صلی اللہ وسلم کی محبت سے بھر دے اور انہیں خواب میں نبی صلی اللہ وسلم کا دیدار نصیب فرمائے اور انہیں نبی صلی اللہ وسلم کی سنتوں ہو عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں