334

سٹاک ہوم کے علاقے مارشتا میں محفل جشن عید میلاد النبی

ارودونامہ (اون لائن) سویڈش شہر سٹاک ہوم کے علاقے مارشتا میں جشن عید میلاد النبی کی محفل کا انعقاد کیا گیا، اس تقریب کے مہمان خصوصی جناب مفتی محمد زبیر تبسم ناروے اور سویڈن فن لینڈ میں پاکستان کے سفیر جناب ڈاکٹر ظہور احمد صاحب تھے، انکے علاوہ خاص مہمانوں میں ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم علامہ ظفر عباس طاہر، مارشتا کی مسجد اہل بیت کے امام جناب سید ہادی صاحب کے نام شامل تھے۔

محفل کا آغاز علی قدیر صاحب نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور اسکے بعد نعت خوانوں نے نبی صلی اللہ وسلم کی محبت میں محفل کو گرما دیا، ہال میں یارسول اللہ کی صدائیں گونج اٹھیں۔ سفیر پاکستان جناب ڈاکٹر ظہور احمد صاحب نے اپنی مختصر تقریر میں فیملی اور بچوں پر زیادہ توجہ دینے کی بات کی، نبی صلی اللہ وسلم کی سیرت کے مطابق وہ سب سے زیادہ اہمیت بڑوں کی نسبت بچوں اور اپنی فیملی کو دیتے تھے لہذا ہمیں بھی نبی صلی اللہ وسلم کی سیرت کو سامنے رکھتے ہوئے بچوں اور اپنی فیملی پر زیادہ توجہ دینی چاہئیے۔

علامہ ظفر عباس طاہر صاحب نے نبی صلی اللہ وسلم کی محبت کو ایمانی تقاضا قرار دیا اور حاضرین محفل سے درخواست کی کہ وہ سونا کمانے کے چکر میں ہیرے (اپنے بچے) نہ گنوا دیں، اپنے بچوں کو اسلامی تعلیم خود دیں اور انہیں منہاج القرآن فیتیا میں ویک اینڈز پر خود لیکر آئیں۔ ناروے سے تشریف لائے مفتی زبیر تبسم صاحب نے نبی صلی اللہ وسلم کی عظمت پر لکھے گئے پاکستانی شعراء کے اشعار سے محفل کو گرما دیا، مفتی صاحب نے حاضرین محفل کو مختلف مثالوں کا سہارا لیکر فرمایا کہ جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عمل مسلمانوں کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام جیسے اَہم فرائض کی رغبت دلاتا ہے اور قلب و نظر میں ذوق و شوق کی فضاء ہموار کرتا ہے، صلوۃ و سلام بذات خود شریعت میں بے پناہ نوازشات و برکات کا باعث ہے۔ 

اس تقریب کا انعقاد پاکستانسکا کلتوریلا اوک انٹیرگریشن فریننگ (PKIF) کی طرف سے کیا گیا تھا جسکی نظامت کے فرائض ندیم اختر صاحب نے ادا کیئے۔ جشن میلاد النبی کا یہ چوتھا پروگرام تھا جسے پی کے آئی ایف کے ممبران نے ایک ٹیم ورک کے ذریعے بخیر و خوبی انجام دیا اور اس میں سینکڑوں عاشقان رسول صلی اللہ وسلم نے شرکت کی۔ پی کے آئی ایف کے ممبران میں عاشق حسین، ملک ذوالفقار علی، ندیم اختر، غلام حسن، قاسم افضال، ذوالفقار گجر، عبدالباسط، عاطف ریاض، عبدالرحمان، حافظ قدیر علی اور محمد یوسف کے نام شامل ہیں۔ محفل کے اختتام پر پرتکلف کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس تقریب کے انتظامات پر PKIF اور اسکے عہدیداران یقیناً تعریف کے مستحق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں