572

سویڈش شہر سٹاک ہوم میں منہاج القرآن کے زیراہتمام میلاد النبی کانفرنس

سویڈن کے شہر سٹاک ھوم میں24 اکتوبر2021 بروز اتوار منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس بسلسلہ میلاد مصطفیٰ کا انعقاد کیا ۔سب سے پہلے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔ اور محفل کی نقابت علامہ اصغر قادری صاحب نے کی۔تلاوت قرآن مجید کا شرف حافظ محمد فرحان نے حاصل کیا۔حضوراقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کا ہدیہ پیش کرنے والوں میں محمد عقیل صاحب،طاہر حفیظ تارڑ صاحب،مدثر نعیم صاحب، صدر منہاج نعت کونسل سٹاک ہوم سویڈن جناب سجاد حسین قادری صاحب تھے۔ اور خصوصی نعت مالمو سے تشریف لائے ہوئے مہمان صدر منہاج نعت کونسل سویڈن محترم شاہد سرور خان صاحب نے پیش کی۔

اور بعدمیں سویڈن کی مشہور سماجی شخصیت جناب عارف محمود کسانہ صاحب نے سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے گفتگو فرمائی۔اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم کی خدماتِ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحب کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

جنرل سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم میاں یاسین اعجاز نے آئے ہوئے معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا ۔

جنرل سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن محترم بابر شفیع صاحب نے بھی حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے میلاد کے حوالے سے گفتگو کی، اور پھر ڈنمارک سے آئے ہوئے عظیم پی ایچ ڈی اسلامی سکالر جناب علامہ حافظ محمد ادریس الازہری صاحب  نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم رحمتُ للعالمینﷺ ہیں اور آپ کی یہ صفت صرف انسانوں تک محدود نہیں بلکہ تمام مخلوقات کے لیے ہے اور یہ کہ الله سُبْحَانَهُ وَتَعَالَى نے آپ کو رحمتُ للعالمینﷺ نہ صرف تمام جہانوں کے لئے بلکہ تمام زمانوں کے لیے بنا کر بھیجا ہے۔

آپ نے فرمایا اللّٰہ سبحان و تعالیٰ نے انسانوں کو بہت سی نعمتوں سے نوازا لیکن جتلایا نہیں لیکن جب حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہمارے درمیان بھیجا تو فرمایا اے لوگوں میں نے اپنا محبوب تمہیں عطا کرکے تم پر احسان عظیم کیا ہے  اسلئے ہم پر واجب ہے کہ ہم حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی منائں۔اور علامہ محمد ادریس صاحب نے فرمایا کہ جیسے جسم کی خوراک کھانا اور پینا ہے ایسے روح کی خوراک اللّٰہ اور اسکے حبیب سے عشق ہے۔  

یہ کانفرنس چوہدری رحمت علی ،میاں یاسین اعجاز اور ڈاکٹر عبد الرزاق صاحب کے زیر نگرانی منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی جناب سفیر پاکستان محترم ڈاکٹر ظہور احمد صاحب تھے۔جنہوں نے آقائے نامدار صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جن میں  اخلاق حسنہ ، خواتین کے حقوق ،بچوں پہ شفقت تھی۔ اور سفیر محترم نے حاضرین سے  سویڈن کے قوانین فالو کرنے کی درخواست کی۔ 

آخر میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم سویڈن ڈاکٹر ذیشان عتیب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔جنہوں نے اس محفل میں شرکت کی، اور بعد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم سویڈن کی طرف سے آقا و مولا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی میں  تمام مہمانوں کو  مزے مزے کے کھانے پیش کیا گئے اور دعا خیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں