سویڈش پاکستانی صدارتی ایوارڈ یافتہ مسیحی سکالر عمانوایل راتق کی 80ویں سالگرہ

سویڈش شہر سٹاک ہوم کے علاقے ناکا کے ایک چرچ میں پاکستانی نژاد مشہور مسیحی شخصیت جناب عمانوایل راتق کی 80ویں سالگرہ منائی گئی جس میں سفیر پاکستان جناب ڈاکٹر ظہور احمد صاحب کے علاوہ کچھ مشہور سویڈش اور پاکستانی شخصیات نے شرکت کی۔ ان شخصیات میں ایز بتھ سنڈلونڈ، بوریا نورلین، رولف برومے، ایندرس ٹائیگر، طارق محمود ، کاشف عزیز بھٹہ، ظفر چوہدری، لیاقت علی خان، خواجہ ابوبکر، شیخ سعید، عمیر ضیاء بھٹی، سلطان محمود اور دیگر کے نام شامل تھے۔

اس موقع پر جناب عمانوایل راتق صاحب نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن اور بائبل دونوں کا مرکزی پیغام یہ ہے کہ بنی نوع انسان بلا امتیاز رنگ ونسل ایک کنبہ ہیں۔ انہوں اپنے اس دعوی کی تائید میں سورۂ یونس کی انیسویں آیت تلاوت کی جس میں یہ لکھا ہے کہ بنی نوع انسان ایک واحد امت ہیں اور دوسری الہامی کتابوں نے بھی یہی سبق دیا ہے۔ اسلیئے ہم سب پر یہ واجب ہے کہ ہم ایک کنبے کی طرح باہم شیروشکر ہوکر زندگی بسر کریں اور جس جس ملک میں بھی ہم رہتے ہیں محبت کی شعاؤں سے اس خطے کو منور کردیں۔

پاکستانی سفیر جناب ڈاکٹر ظہور احمد صاحب نے اپنی تقریر میں یہ کہا کہ آج کے مہمان خصوصی عمانوایل راتق صاحب ہیں انکی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اپنی تقریر اور تحریر میں قرآن اور بائبل کے ان حوالوں کا اقتباس کرتے ہیں جو معنوں کے اعتبار سے ہمنوا ہوتے ہیں اور آپس میں مطابقت رکھتے ہیں۔ دیگر شرکاء نے بھی سفیر محترم کے انہی خیالات کو مختلف انداز اور الفاظ میں بیان کیا۔

تقریب کے آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور حاضرین محفل کو ایک پرتکلف کھانا پیش کیا گیا جسے سلطان صاحب کے گھر والوں نے بہت چاہت سے تیار کیا تھا۔

Pakistani Ambassador Dr. Zahoor Ahmed, Research scholar Emmanuel Ratiq, Dagen’s senior editor Elisabeth Sandlund
Jameel Ahsan, Dr, Zahoor Ahmed, Emmanuel Ratiq
To watch video, click on above image (ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیں)