ایتھز یونان میں شوکت خانم فاؤنڈیشن کی آگاہی مہم

اردونامہ ویب ڈیسک (انصر اقبال بسرا ایتھنز یونان) پاکستان اوورسیز فورم یونان کے زیراہتمام ایتھنز میں شوکت خانم فاونڈیشن آگاہی مہم کے حوالے سے ایک ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ایونٹ کے مہمان خصوصی معروف انیکر پرسن فخر عالم اور ڈاریکٹر ایسوسی ایٹ مارکیٹنگ شوکت خانم محترمہ نائلہ خان تھیں اس ایونٹ میں پاکستانی کمیونٹی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ یونان میں پاکستانی کمیونٹی کے اکابرین سید اشیر حیدر، ارشاد احمد بٹ اور اوورسیز فورم یونان کے صدر اورنگزیب سپرا نے مہمانوں کو یونان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اس فلاحی ادارے کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائلہ خان نے شوکت خانم کے پروجیکٹ کے مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی جبکہ فخر عالم کا کہنا تھا کہ تمام اوورسیز پاکستانیوں کو اس فلاحی ادارے کی ترقی کے لئے سیاست سے ہٹ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا یہ ایک ایسا پروجیکٹ ہے جس میں بلا تفریق علاج کیا جاتا ہے اور شوکت خانم ہسپتال وہ واحد ہسپتال ہے جس میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے اور اس ہسپتال میں غریب افراد کے لیے بہترین سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہم سب کو مل کر اس فلاحی ادارے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ اس کے نیٹ ورک کو مزید وسیع اور بہتر بنایا جا سکے۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فخر عالم نے کہا کہ یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کر کے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے اور ہم جلد ایتھنز میں ایک اور بڑا ایونٹ کریں گے جس میں یونان کے مقامی افراد کو بھی مدعو کر کے اس فلاحی ادارے کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔