مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ صابری کی عمران خان کی کامیابی کیلئے دعائیں

یروشلم، فلسطین: (اردونامہ ویب ڈیسک) مسلمانوں کے قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ صابری کا کہنا ہے کہ وہ ہر صبح مسجد اقصیٰ میں نماز کے بعد پاکستانی سابق وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری سے ویڈیو لنک پر بات کرتے ہوئے شیخ عکرمہ صابری نے کہا کہ فلسطین پر عمران خان کا غیر متزلزل موقف قابل تعریف ہے، عمران خان جتنی واضح حمایت آج تک کسی اور نے نہیں کی ہے، غزہ کشیدگی پر عمران خان کی جاندار سفارت کاری نے فلسطینیوں کے دل جیت لیے ہیں، مسلم امہ کے قائد عمران خان نے فلسطین کے لیے موثر آواز اٹھائی ہے، عمران خان کی موثر آواز فلسطین کے لیے خوشی کا باعث ہے، فلسطین کا بچہ بچہ دعاؤں کے ذریعے عمران خان کا قرض چکا رہا ہے۔

سابق وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے جواب میں کہا کہ پاکستان بابائے قوم قائداعظم کے دور سے لے کر آج تک پاکستان فلسطین کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹا ہے، عمران خان کا موقف ہے کہ اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا، مسئلہ فلسطین سیاسی نہیں بلکہ قبلہ اول کی آزادی کا ہے اور عمران خان کبھی بھی فلسطین پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عمران خان فلسطین کی حمایت کی وجہ سے ہی آجکل اسکی سیاسی قیمت ادا کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان میں مولانا فضل الرحمن اور دوسری سیاسی جماعتوں کے لوگ عمران خان کو یہودی ایجنٹ کے نام سے پکارتے ہیں جبکہ مسجد اقصیٰ کے امام انہی عمران خان کیلئے ہر صبح دعائیں مانگتے ہیں۔