106

2026 تلخیاں کم کرنے کا سال

آج سال کا آخری دن ہے ہم نئی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ 2026 میں داخل ہو رہے ہیں 2025 بڑا ہنگامہ خیز سال رہا اس سال کا سب سے بڑا واقعہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ تھی جس نے پاکستان کی قسمت بدل کر رکھ دی پاک بھارت معرکہ کے بعد پاکستان کی اہمیت دوچند ہوگئی دنیا کے پاکستان پر دروازے کھلنے لگے لوگ پاکستان سے تعلقات بڑھانے لگے جبکہ اس جنگ نے بھارت کو بےنقاب کر کے رکھ دیا آج بھارت عالمی تنہائی کا شکار ہو گیا ہے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا زمانہ معترف ہو چکا دنیا آج پاکستان سے سائبر وار کی تکنیکس سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے امریکہ سمیت دنیا کے تمام اہم ممالک پاکستان کو اہمیت دے رہے ہیں عالمی معاملات میں پاکستان کا کردار بڑھ رہا ہے عالمی ادارے پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف واشگاف الفاظ میں کر رہے ہیں دوسری جانب پاکستان میں 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اختیارات کا نیا میکنزم وجود میں آیا جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ سمیت پی ٹی آئی رہنماوں کو مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی گیں 2025 سزاوں کا سال بھی رہا، افغانستان کے ساتھ حالات کشیدہ ہوئے دہشتگردی پر پاکستان نے ٹھوس موقف اپنایا افغانستان کے ساتھ تلخیاں بڑھیں اور نوبت جنگی کیفیت تک جا پہنچی پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردی کے ٹھکانوں پر بمباری بھی کی پاک بھارت سرحدیں سیل کر دی گئیں تجارت منقطع ہو گی جو تاحال برقرار ہے افغان مہاجرین کو پاکستان سے نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو  دہشتگردی کے واقعات کا بھی سامنا رہا 2025 میں 16سو کے قریب دہشتگردی کے واقعات رونما ہوئے خیبر پختون خواہ اور بلوچستان دہشتگردی کی زد میں رہا اکوڑہ خٹک میں دہشتگردی کے واقعہ میں مولانا حامدالحق شہید ہوئے پشاور ایف سی ہیڈ کوارٹر اور بنوں میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے پاکستان میں پہلی بار دہشتگردوں نے ٹرین اغوا کر لی اور بڑی تعداد میں مسافروں کو یرغمال بنا لیا سیاسی طور پر خیبر پختون خواہ کے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کو تبدیل کرکے سہیل خان آفریدی کو وزیر اعلی بنایا گیا قومی اسمبلی میں پیکا ایکٹ کی منظوری ہوئی اور اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سزاوں کے باعث عوامی نمائندگی سے محروم ہو گئے اور ان کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حکومتی امیدواروں کی جیت کی صورت میں حکومت قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی پنجاب میں ایک مذہبی جماعت کے خلاف بھرپور ایکشن ہوا پنجاب میں پولیس کی بالادستی کا راج رہا انتظامی اختیارات کے ذریعے حکومتوں کی رٹ مضبوط ہوئی مجموعی طور پر 2025 سیاسی ابتری کا سال رہا سیاسی تلخیوں میں اضافہ ہوا پاکستانیوں کو 2025 میں بھی سیاسی ومعاشی عدم استحکام کا سامنا رہا بےروزگاری اور مہنگائی کا دور دورہ رہا بیرون ملک ہجرت کر جانے والوں کی تعداد بڑھی ویزہ وسفری دستاویزات رکھنے کے باوجود اس سال آف لوڈ کرنے والوں کا بھی ریکارڈ قائم ہوا پاکستانیوں نے بیرون ملک جاکر بھیک مانگنے کا بھی ریکارڈ قائم کیا 52 ایف آئی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق 52ہزار پاکستانی مختلف ملکوں میں بھیک مانگنے پر ڈی پورٹ ہوئے پاکستان نے سیاسی ومعاشی ابتری کے باوجود دفاعی شعبے میں کامیاب تجربے کیے سال کے آخر میں حکومت نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا وزیراعظم نے تحریک انصاف کو خود مذاکرات کی پیشکش کی تحریک انصاف کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار دیا گیا لیکن مذاکرات میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہو سکی اور معاملہ جوں کا توں نئے سال میں داخل ہو رہا ہے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 2025 کا پورا سال اڈیالہ جیل میں گزارا نیا سال نئی امیدوں کے ساتھ طلوع ہو رہا ہے 2026 کو ہمیں سیاسی تلخیاں کم کرنے معاشی بحالی اور عوامی اعتماد کی بحالی کا سال قرار دینا چاہیے  حکومت کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ ایسے اقدامات کرے جس سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں ملک میں استحکام کے لیے درگزر کا راستہ اپنایا جائے عام لوگوں کے دکھ کم کرنے کے لیے مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ معاشرے میں ہرقسم کی سرگرمیوں کا آغاز ہو۔