251

جسے محمدﷺ سے محبت نہیں وہ مومن نہیں۔ ( بخاری، مسلم، ترمذی)

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک پورا مومن نہیں ہوسکتا جب تک اس کو میری محبت اپنے باپ اور اپنی اولاد اور سب لوگوں سے زیادہ نہ ہو۔
( بخاری ،جلد اول کتاب ایمان :14 )

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جس میں تین باتیں ہوں گی وہ ایمان کا مزہ پائے گا ۔یہ کہ اللہ اور اس کے رسول کی محبت اس کو سب سے زیادہ ہو۔ دوسرے یہ کہ فقط اللہ کے لئے کسی سے دوستی رکھے۔ تیسرے یہ کہ دوبارہ کافر بننا اس کو اتنا ناگوار ہو جیسے آگ میں جھونکا جانا۔
( بخاری، جلد اول کتاب ایمان :15)

حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک صحابیؓ نے رسول کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا اے اللہ کے رسول، آپؐ اس آدمی کے بارے میں کیا فرماتے ہیں جو کسی قوم سے محبت رکھتا ہو لیکن اس تک پہنچ نہ سکتا ہو۔ رسول کریم ﷺ نے فرمایا آدمی اسی کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت رکھے گا۔
(مسلم، کتاب البر والصلۃ )

حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے مجھے (مخاطب کرتے ہوئے) فرمایااے میرے بیٹے، اگر تم ایسا کرسکتے ہو کہ صبح اٹھنے کے بعد سے لے کر رات کو سونے تک تمہارے دل میں کسی آدمی کے بارے میں کوئی بغض و کینہ نہ ہو تو تم ایسا ہی کرنا۔ یہ میری سنت سے ہے۔ اور جس آدمی نے میری سنت کو محبوب جانا اس نے مجھ سے محبت کی اور جس آدمی نے مجھ سے محبت کی وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔
(ترمذی)


حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا قیامت کب آئے گی؟ آپ نے ارشاد فرمایا: قیامت کے لئے تم نے کیا تیار کررکھا ہے؟ اس نے عرض کیا: میں نے قیامت کے لئے نہ تو زیادہ (نفلی) نمازیں نہ زیادہ (نفلی) روزے تیار کئے ہیں اور نہ زیادہ صدقہ، ہاں ایک بات ہے کہ اللہ تعالیٰ اور ان کے رسول سے محبت رکھتا ہوں۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا تو پھر (قیامت میں) تم ان ہی کے ساتھ ہوگے جن سے تم نے (دنیا میں) محبت رکھی۔
(بخاری)


حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: میری امت میں مجھ سے زیادہ محبت رکھنے والے لوگوں میں سے وہ (بھی) ہیں جو میرے بعد آئیں گے، ان کی یہ آرزو ہوگی کہ کاش و ہ اپنا گھر بار اور مال سب قربان کرکے کسی طرح مجھ کو دیکھ لیتے۔
(مسلم)

اپنا تبصرہ بھیجیں