یورپی یونین کے ریپڈ الرٹ سسٹم Safety Gate نے جاپان میں تیار کی جانے والی ٹویوٹا اور لیکسس کی متعدد گاڑیوں میں خطرناک تکنیکی خرابی کی نشاندہی کرتے ہوئے باضابطہ سیفٹی الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد کمپنی نے متاثرہ گاڑیوں کو واپس طلب (ریکال) کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق یہ خرابی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے گاڑی مالکان کو فوری طور پر کمپنی سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیفٹی الرٹ کے مطابق خرابی گاڑی کے پارکنگ اسسٹ سسٹم اور پینورامک ویو مانیٹر کے سافٹ ویئر میں ہے، جس کی وجہ سے گاڑی کو ریورس کرتے وقت بیک کیمرہ کی تصویر فریز ہو سکتی ہے یا بعض اوقات بالکل ظاہر نہیں ہوتی۔ اگر ڈرائیور گاڑی اسٹارٹ کرنے کے فوراً بعد ریورس لگائے تو کیمرہ عارضی طور پر بند ہو سکتا ہے، جس سے پیچھے موجود شخص یا گاڑی نظر نہ آنے کی وجہ سے حادثے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ متاثرہ گاڑیوں میں Toyota Land Cruiser، Mirai، Prius، RAV4، bZ4X، Highlander جبکہ Lexus ES، LBX، UX، LC، LM، NX، RX، RZ شامل ہیں، اور یہ گاڑیاں 2021 سے 2025 کے درمیان تیار کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں لاکھوں گاڑیاں اس خرابی سے متاثر ہو سکتی ہیں، جس کے بعد مختلف ممالک میں ریکال شروع کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس مسئلے کو سافٹ ویئر اپڈیٹ کے ذریعے حل کیا جائے گا اور تمام متاثرہ گاڑیوں کو مجاز ڈیلرز کے ذریعے مفت سافٹ ویئر اپڈیٹ فراہم کی جائے گی۔ کمپنی گاڑی مالکان کو نوٹس بھی جاری کرے گی تاکہ وہ اپنی گاڑی چیک کروا سکیں۔ یورپی یونین کے سیفٹی گیٹ سسٹم کے مطابق یہ گاڑیاں یورپی سیفٹی قوانین پر پوری نہیں اترتیں کیونکہ بیک ویو کیمرہ کا درست کام کرنا حادثات سے بچاؤ کے لیے لازمی حفاظتی تقاضہ ہے۔ اسی وجہ سے کمپنی کو ریکال کا حکم دیا گیا ہے اور کئی یورپی ممالک بشمول سویڈن، جرمنی، فرانس اور ڈنمارک میں بھی یہ گاڑیاں مارکیٹ میں پائی گئی ہیں جہاں ان کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جدید گاڑیوں میں بیک ویو کیمرہ ایک اہم حفاظتی فیچر ہے، اور اس کی خرابی خاص طور پر ریورس کرتے وقت حادثات کا خطرہ بڑھا سکتی ہے، اسی لیے کمپنیوں کو ایسی خرابی کی صورت میں فوری ریکال کرنا پڑتا ہے۔ حکام نے گاڑی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے پاس مذکورہ ماڈلز میں سے کوئی گاڑی موجود ہے تو وہ فوری طور پر کمپنی کی ویب سائٹ یا مجاز ڈیلر سے رابطہ کر کے اپنی گاڑی کا VIN نمبر چیک کروائیں اور مفت سافٹ ویئر اپڈیٹ حاصل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
3 تبصرے “یورپی یونین کا سیفٹی الرٹ: ٹویوٹا اور لیکسس کی گاڑیوں میں خطرناک خرابی، فوری ریکال کا اعلان”
تبصرے بند ہیں