لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات اور منظور شدہ نقشوں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے پراپرٹی مالکان اور ڈویلپرز کو سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔ یہ ہدایات ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی جانب سے جاری کی گئیں، جنہوں نے غیر قانونی بلڈنگ سرگرمیوں اور غیر منظور شدہ پلاٹ کٹنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ٹاؤن پلاننگ ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری کارروائی تیز کرے اور بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کی شکایات پر کارروائی نہ کرنے والے فیلڈ افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ان علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں اور تعمیرات کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ یہ ہدایات ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جس میں ایل ڈی اے کے ریونیو جنریشن اور ٹاؤن پلاننگ ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ای بز پورٹل پر درخواستوں کی بروقت پراسیسنگ اور سسٹم کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ شہریوں کو آن لائن سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ریکوری مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس مہم کے تحت غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں سے جرمانے وصول کیے جائیں گے جبکہ نئی کمرشل سڑکوں پر کمرشلائزیشن فیس کی وصولی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ریونیو بڑھانے کے لیے نیلامیوں کے شیڈول پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا مقصد شہر کی ماسٹر پلاننگ کو محفوظ بنانا، ٹریفک اور انفراسٹرکچر کے مسائل کو کم کرنا، غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کو روکنا اور سرکاری ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
4 تبصرے “لاہور میں ایل ڈی اے کا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان”
تبصرے بند ہیں