سٹاک ہوم سویڈن میں گلشنِ یاد فیض احمد فیض کے عنوان سے ایک شاندار اور پر وقار ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فیض احمد فیض کی صاحبزادی محترمہ منیزہ ہاشمی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب پاکستان کلچر سوسائٹی بوتشرکا کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔ محترمہ منیزہ ہاشمی، جو ان دنوں یورپ کے دورے پر ہیں، نے اس موقع پر اپنی کتاب “Conversations with My Father in Stockholm” کی شاندار رونمائی بھی کی۔ یہ کتاب فیض احمد فیض کے اپنی اولاد کے نام لکھے گئے خطوط پر مشتمل ہے، جو ایک باپ اور بچوں کے درمیان محبت، رشتے اور احساس کی خوبصورت جھلک پیش کرتے ہیں۔ اپنے خطاب میں محترمہ منیزہ ہاشمی نے کہا کہ “یہ خطوط محض تحریری یادداشت نہیں بلکہ میرے والد کے ساتھ ایک روحانی مکالمہ ہیں۔”
تقریب میں مقامی شعراء کے علاوہ پاکستان سے آئے معروف شاعر و ادیب ملک اعظم نے بھی شرکت کی اور فیض احمد فیض کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سماجی و سیاسی شخصیات جناب لیاقت علی خان اور چوہدری ظفر اقبال کو روایتی اجرک بھی پیش کی گئی۔ نظامت کے فرائض محترمہ سارہ نے نہایت خوبصورتی اور وقار کے ساتھ انجام دیے۔ آخر میں پروگرام کے چیف آرگنائزر لیاقت علی خان نے اپنی ٹیم اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے محترمہ منیزہ ہاشمی کے ساتھ یادگار تصاویر بنوائیں اور فیض احمد فیض کے افکار و فن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔







