278

انسٹاگرام کے نوجوانوں کی ذہنی صحت پر اثرات پر مارک زکربرگ عدالت میں پیش

امریکہ کے شہر لاس اینجلس کی ایک عدالت میں مارک زکربرگ نے ایک اہم مقدمے میں گواہی دی جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا کی ملکیت ایپ انسٹاگرام کے نوجوان صارفین کی ذہنی صحت پر اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ مقدمہ ایک خاتون (کے جی ایم) کی شکایت پر مبنی ہے جس کا مؤقف ہے کہ بچپن میں یوٹیوب اور انسٹاگرام کے استعمال نے اس میں ڈپریشن اور خودکشی جیسے خیالات کو جنم دیا۔ مدعیہ کے وکیل مارک لینیئر نے الزام لگایا کہ زکربرگ نے 2024 میں امریکی کانگریس کے سامنے کمپنی کی پالیسیوں کے بارے میں غلط بیانی کی۔ عدالت میں پیش کی گئی 2014 اور 2015 کی ای میلز میں صارفین کے ایپ پر گزارے گئے وقت میں دو ہندسوں کے اضافے کے اہداف کا ذکر تھا۔

زکربرگ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ: “اگر یہ کہا جا رہا ہے کہ میری گواہی درست نہیں تھی تو میں اس سے سختی سے اختلاف کرتا ہوں۔” ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے اب اپنی حکمتِ عملی تبدیل کر لی ہے۔

یہ جیوری ٹرائل میٹا کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اگر کمپنی مقدمہ ہار گئی تو اسے بھاری ہرجانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ فیصلہ سوشل میڈیا کمپنیوں کے اس قانونی مؤقف کو کمزور کر سکتا ہے کہ صارفین کے نقصان کی ذمہ داری پلیٹ فارم پر نہیں بلکہ خود صارف پر ہوتی ہے۔

اس مقدمے میں پہلے نامزد ہونے والی کمپنیوں ٹک ٹاک اور سنیپ عدالت سے باہر تصفیہ کر چکی ہیں۔ امریکہ بھر میں خاندانوں، اسکول ڈسٹرکٹس اور ریاستوں کی جانب سے سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف تقریباً 1600 مقدمات دائر کیے جا چکے ہیں، جن میں یہ الزام ہے کہ پلیٹ فارمز نے جان بوجھ کر ایسی خصوصیات بنائیں جو نوجوانوں کو عادی بناتی ہیں اور ان کی ذہنی صحت کو متاثر کرتی ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس مقدمے کا فیصلہ آئندہ آنے والے کیسز کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔

میٹا نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا: کمپنی ایک دہائی سے والدین، ماہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے تحفظ پر کام کر رہی ہے۔ 2025 میں 16 سال سے کم عمر صارفین کے انسٹاگرام لائیو پر پابندی سمیت نئے حفاظتی فیچرز متعارف کرائے گئے۔ اسکولوں کے لیے خصوصی شکایتی نظام بھی شروع کیا گیا ہے۔

میٹا کے وکلا کا کہنا ہے کہ مدعیہ کی ذہنی صحت کے مسائل انسٹاگرام استعمال کرنے سے پہلے ہی موجود تھے اور سوشل میڈیا اس کے لیے محض ایک سہارا تھا، بنیادی وجہ نہیں۔ یہ مقدمہ امریکی قانون کے اہم حصے سیکشن 230 کو بھی متاثر کر سکتا ہے، جو انٹرنیٹ کمپنیوں کو صارفین کے پوسٹ کردہ مواد کی ذمہ داری سے تحفظ دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اس میں تبدیلی ہوئی تو سوشل میڈیا کمپنیوں پر نئی قانونی ذمہ داریاں عائد ہو سکتی ہیں، جس سے پورے ڈیجیٹل انڈسٹری کا ڈھانچہ بدل سکتا ہے۔ کاروباری منڈی میں میٹا کے شیئرز دن کے اختتام پر معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوئے، تاہم بعد از اوقات ٹریڈنگ میں کمی دیکھی گئی۔