اسٹاک ہوم (پریس ریلیز): 27 اکتوبر 2025 کو ایمبیسی آف پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ میں کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان نے کیا جس کی صدارت سفیرِ پاکستان جناب بلال حئی نے کی۔ تقریب کا مقصد 27 اکتوبر 1947 کے اس المناک دن کی یاد تازہ کرنا تھا، جب بھارتی افواج نے ریاست جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ کشمیر کونسل سویڈن سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات جنہوں نے اس تقریب میں شرکت کی انکے نام درج ذیل ہیں: چوہدری ظفر اقبال – چیئرمین، کشمیر کونسل سویڈن، سردار تیمور عزیز – صدر، کشمیر کونسل سویڈن، محمد اشتیاق خان – جنرل سیکرٹری، کشمیر کونسل سویڈن، ملک شہزاد – سینئر وائس پریزیڈنٹ، کشمیر کونسل سویڈن، راجہ بلال – وائس پریزیڈنٹ، کشمیر کونسل سویڈن، وجاہت اقبال – فارن سیکرٹری، کشمیر کونسل سویڈن۔ چیئرمین کشمیر کونسل سویڈن، چوہدری ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب ظلم و جبر کے ذریعے ان کی سرزمین پر قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کسی سرحدی تنازعے کا نہیں بلکہ انسانی حقوق اور انصاف کا مسئلہ ہے، جسے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے۔
صدر کشمیر کونسل سویڈن، سردار تیمور عزیز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ انہوں نے سویڈن اور یورپ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر کشمیری عوام کی آواز دنیا تک پہنچائیں۔ سفیرِ پاکستان، جناب بلال حئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔ جنرل سیکرٹری کشمیر کونسل سویڈن، محمد اشتیاق خان نے کہا کہ سویڈن میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی، کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے۔ کشمیر کونسل سویڈن اس جدوجہد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے لیے دعا کی گئی، اور شرکائے تقریب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت ہر پلیٹ فارم پر جاری رکھیں گے۔







