چیئرمین پاک سویڈن فرینڈشپ ایسوسی ایشن اور بوتھ شرکامیونسپلٹی سویڈن میں کونسلر لیاقت علی خان صاحب نے پاکستانی دارلحکومت اسلام آباد میں سویڈن کے سفارتخانے میں سویڈن کی سفیر محترمہ الیگزانڈرا وان لنڈے سے دوستانہ ماحول میں ایک خوشگوار ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں فیملی ری یونین (خاندانی ملاپ) اور اسٹوڈنٹ ویزا کی درخواستوں کے طریقہ کار پر تفصیل سے بات ہوئی ہے۔ امیگریشن سیکشن کے سربراہ مسٹر بوبان نے یقین دہانی کرائی کہ درخواست موصول ہونے کے بعد دو ہفتوں سے تین ماہ کے اندر اندر درخواست دہندگان کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، وزٹ ویزا درخواستوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے، اور سفیر نے آگاہ کیا کہ جلد ہی یہ عمل اسلام آباد کے سفارتخانے میں منتقل کر دیا جائے گا، جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
اس ملاقات میں 21 جون کو لاہور میں سویڈن کے قومی دن کی تقریبات کا بھی تذکرہ ہوا، جو کہ پاک-سویڈن فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہیں۔ سفیر نے بتایا کہ سویڈن کے آنریری قونصل جنرل برائے لاہور ان تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس ملاقات سے پاکستانی کمیونٹی کے اہم مسائل کے ممکنہ حل اور سویڈن و پاکستان کے درمیان سفارتی و ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
