سیول: جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے خلاف جنگ کے لیے اپنے علاقے میں تعینات امریکی فوجیوں اور ہتھیاروں کی دوبارہ تعیناتی کو نہیں روک سکتا۔ اطلاعات ہیں کہ امریکہ نے جنوبی کوریا میں موجود پیٹریاٹ میزائل سسٹم مشرق وسطیٰ روانہ کر دیے ہیں۔ صدر لی جے میونگ نے کہا کہ ان کی حکومت نے امریکی اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن واشنگٹن پر کوئی مطالبہ مسلط کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوجیوں کی یہ نقل و حرکت شمالی کوریا کے خلاف دفاعی حکمت عملی کو متاثر نہیں کرے گی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فورسز نے اوسان ایئر بیس سے پیٹریاٹ میزائل بیٹریاں ہٹا کر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اپنے اڈوں پر منتقل کر دی ہیں۔ تاہم جنوبی کوریائی حکام نے ان اطلاعات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ کا یہ اقدام ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے، جہاں امریکی فوجی تنصیبات کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔