Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /customers/9/f/a/urdunama.eu/httpd.www/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
51

سویڈش نیشنیلیٹی کیلئے اضافی سیکیورٹی سوالات

سویڈن کی امیگریشن ایجنسی نے 1 اپریل 2025 سے شہریت کی درخواستوں کے لیے سیکیورٹی چیکس کو مزید سخت کر دیا ہے، اور یہ تبدیلی ان درخواستوں پر بھی لاگو ہوتی ہے جو اس تاریخ سے پہلے دی گئی تھیں۔ اس مقصد کے لیے، درخواست دہندگان کو ایک 11 صفحات پر مشتمل سوالنامہ بھیجا جا رہا ہے، جسے تین ہفتوں کے اندر واپس جمع کرانا ہوتا ہے۔ اگر مقررہ وقت میں یہ فارم واپس نہ بھیجا جائے تو ایجنسی بغیر مزید معلومات کے درخواست پر فیصلہ کر سکتی ہے، جو اکثر انکار کی صورت میں ہوتا ہے۔

سوالنامہ میں کیا پوچھا جاتا ہے؟

سوالنامہ سات حصوں پر مشتمل ہے، جس کا عنوان ہے:

“Kompletterande uppgifter i ditt ärende om svenskt medborgarskap”

(آپ کی سویڈش شہریت کی درخواست کے لیے اضافی معلومات)

ہر حصہ درج ذیل معلومات پر مشتمل ہوتا ہے:

1. سویڈن میں موجود خاندان کے افراد:

والدین، بالغ بچے یا بہن بھائی جو سویڈن میں مقیم ہیں، ان کے نام، تاریخ پیدائش اور شہریت کی تفصیلات۔

2. شناخت سے متعلق معلومات:

• کیا آپ نے کبھی سویڈن کے حکام کو مختلف نام، تاریخ پیدائش یا شہریت فراہم کی ہے؟

• اگر ہاں، تو اصل اور درست معلومات کے ساتھ وجوہات بتائیں۔

• آپ کے پاسپورٹ یا قومی شناختی کارڈ کی تفصیلات، یہ کہاں اور کس طریقے سے حاصل کیا گیا (مثلاً ذاتی طور پر یا ڈاک کے ذریعے)، اور کیا آپ نے اسے حاصل کرنے کے لیے سویڈن سے باہر سفر کیا؟ اگر کیا تو کب، کہاں، اور کیسے؟

3. کردار اور ماضی کا ریکارڈ (Skötsamhet):

“ہاں یا نہیں” کی صورت میں مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات:

• کیا آپ نے کسی جرم کا ارتکاب کیا ہے؟

• کیا آپ کو کسی جرم میں سزا ہوئی ہے؟

• کیا آپ کسی جرم کے شبہ میں ہیں؟

• کیا آپ کو کسی ملک نے ملک بدر یا نکالا ہے؟

• کیا آپ کسی تنظیم کا حصہ رہے ہیں جس نے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کیے ہوں؟

ہر “ہاں” کے جواب کے ساتھ مکمل تفصیل فراہم کرنا ضروری ہے۔

4. سویڈن سے باہر کے تمام سفر (گزشتہ 5 سال):

ہر سفر کی تفصیل:

• کس ملک گئے،

• کس مقصد کے لیے (مثلاً کام، چھٹیاں، پاسپورٹ کی تجدید)،

• کس ذریعے سے (بس، ٹرین، ہوائی جہاز)،

• روانگی اور واپسی کی تاریخیں۔

اگر آپ نے Malmö سے Copenhagen کے مختصر دورے کیے ہیں، تو اسے عمومی بیان کی صورت میں لکھ سکتے ہیں، جیسے: “کام کے سلسلے میں ہر ماہ ایک بار Copenhagen کا سفر کیا”۔

5. سویڈن آنے سے پہلے کی زندگی:

• تعلیم: تین اداروں تک، ان کے نام، ملک، کیا پڑھا، کس سطح پر، اور تاریخیں۔

• ملازمت: کیا آپ نے سویڈن آنے سے پہلے کوئی ملازمت کی؟

• اگر کی، تو کیا پولیس، سیکیورٹی گارڈ، یا فوج میں کام کیا؟

• کیا کسی انٹیلیجنس یا سیکیورٹی ایجنسی میں کام کیا؟

• تین مختلف ملازمتوں کی تفصیلات (ادارہ، ملک، عہدہ، تاریخیں)۔

• فوجی سروس یا لازمی سروس: اگر کی، تو مکمل معلومات دیں۔

6. اپنے آبائی ملک سے باہر دو ماہ سے زائد کے سفر (سویڈن آنے سے پہلے): کہاں گئے، کیوں گئے (تعلیم، کام، سیاحت)، اور تاریخیں۔

7. دستخط اور جمع کرانا:

• شہر، تاریخ، آپ کا دستخط اور مکمل نام۔

• اگر آپ نے اضافی کاغذات شامل کیے ہیں، تو ان پر اپنا beteckning number اور نام ضرور لکھیں تاکہ وہ باقی فارم سے منسلک رہیں۔

• فارم اور متعلقہ دستاویزات دیے گئے پتے پر بھیجیں۔

• اگر چاہیں تو رجسٹرڈ ڈاک (rekommenderat brev) کے ذریعے بھیج سکتے ہیں تاکہ آپ کو اس کی وصولی کی تصدیق ہو۔