112

نائی سے کٹنگ کی اپوائنٹمنٹ ٹیکس چوری کا حصہ بن سکتی ہے، سویڈش ٹیکس اتھارٹی

سویڈش ٹیکس اتھارٹی جسے سویڈش زبان میں اسکاتے ورکٹ کہتے ہیں اس نے وارننگ جاری کی ہے کہ  نائی سے آپکی حجامت کی اپوائنٹمنٹ انجانے میں ٹیکس چوری کے جرم کا حصہ بن سکتی ہے – جیسے ہی سکول کی تقریبات، شادیوں اور فیسٹیولز قریب آتے ہیں لوگ اکثر سوشل میڈیا کے ذریعے حجامت، نیل آرٹ، اور میک اپ کے لیے اپوائنٹمنٹ بک کرلیتے ہیں، لیکن انہیں معلوم نہیں ہوتا کہ اس کم قیمت کے پیچھے کبھی کبھی مالی جرائم بھی چھپے ہو سکتے ہیں۔ 

اسکاتے ورکٹ کے کنٹرول کوآرڈینیٹر کرسٹوفر بلوم کوسٹ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کچھ صارفین انجانے میں ٹیکس چوری یا دیگر غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ گاہکوں کو چاہیے کہ وہ کاروبار کی شفافیت کو یقینی بنائیں اور قیمت پر غور کریں، اگر قیمت غیر معمولی طور پر کم ہے، تو ہو سکتا ہے کہ کاروبار قانونی طور پر نہ چل رہا ہو۔ چاہے آپ نقد ادائیگی کریں یا سویش ایپ سے ادائیگی کریں اسکی رسید لینا ضروری ہے۔ ایف اسکات رجسٹر ہے یا نہیں اسکی تصدیق کریں – کاروبار کا رجسٹریشن نمبر سویڈش ٹیکس کی ویب سائٹ پر چیک کریں۔ یہ اقدامات مالی جرائم کو روکنے اور کاروباری مقابلے کو منصفانہ بنانے میں مدد کر سکتے ہیں۔