128

کشمیر کونسل سویڈن کے زیراہتمام سٹاک ہوم میں یومِ تشکرِ پاکستان کا خصوصی پروگرام

اردونامہ، ارشدملتانی) گزشتہ روز کشمیر کونسل کے زیرِ اہتمام “یومِ تشکرِ پاکستان” کے عنوان سے ایک اہم، بامقصد اور جذبۂ حب الوطنی سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں کونسل کے تمام عہدیداران، معزز مہمانانِ گرامی اور پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت نے اسے ایک یادگار اور کامیاب پروگرام بنا دیا۔ پروگرام کا بنیادی مقصد 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان پر بھارتی حملے کے جواب میں پاکستان کی کامیاب دفاعی حکمت عملی، افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری، اور قومی قیادت کی بروقت اور دانشمندانہ پالیسیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

چودھری ظفر اقبال صاحب (چیئرمین کشمیر کونسل) نے اپنے پُرجوش خطاب میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: “سیز فائر کا برقرار رہنا انتہائی ضروری تھا اور اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ہر لحاظ سے سرخرو اور کامیاب رہا۔ افواجِ پاکستان نے جس بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انشاءاللہ پاکستان آئندہ بھی اپنے مؤقف پر ڈٹا رہے گا اور ہر محاذ پر دشمن کا بھرپور جواب دے گا۔” محمد اشتیاق خان صاحب (جنرل سیکرٹری کشمیر کونسل) نے کہا: “سوشل میڈیا پر افواجِ پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف ہونے والی منفی مہم ایک گھناؤنی سازش ہے، جس کا توڑ صرف قومی اتحاد اور یکجہتی سے ممکن ہے۔ ہمیں اپنے دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔”

تیمور عزیز صاحب (صدر کشمیر کونسل) نے کہا: “پاکستان نے بھارتی الزام تراشی اور حملے کا مؤثر، ذمہ دارانہ اور قانونی طور پر جائز جواب دے کر ثابت کیا کہ وہ ایک خودمختار، پُرامن لیکن مضبوط ریاست ہے۔” ملک شہزاد صاحب (سینئر وائس پریذیڈنٹ) نے کہا “پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔” شیخ سعید صاحب (چیئرمین تحریکِ استحکامِ پاکستان و صدر مسلم لیگ ن – سویڈن) نے کہا: “موجودہ قومی قیادت کی بروقت فیصلے اور خارجہ پالیسی میں حکمت عملی کی بدولت پاکستان نے عالمی سطح پر خود کو باوقار انداز میں منوایا ہے۔” شہزادہ عثمان صاحب (صدر تحریکِ استحکامِ پاکستان) نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا: “ہمیں بیرون ملک بھی ایک قوم بن کر اپنے وطن کی خدمت کرنی چاہیے، اتحاد اور یکجہتی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔” راجہ بلال کشمیر صاحب (ممبر کشمیر کونسل) نے اپنے خطاب میں اتحاد و یگانگت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: “ہماری اصل کامیابی اسی میں ہے کہ ہم ایک قوم بن کر، اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کریں۔ یہی دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کا واحد راستہ ہے۔”

اس باوقار تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں میں چوہدری احسن صاحب (اکنامک کونسلر)، چوہدری ظفر اقبال صاحب، حافظ سجاد صاحب، راجہ اعجاز صاحب، آصف بٹ صاحب، عمیر بٹّی صاحب اور ارشد خان ملتانی صاحب سمیت دیگر بہت سی قابل عزت شخصیات شامل تھیں۔ ان تمام مہمانانِ گرامی کی شرکت نے اس تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ اس موقع پر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر قومی یکجہتی کے اس مظاہرے کو تقویت بخشی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن پاکستان کو مزید کامیابیاں، استحکام، اور ترقی عطا فرمائے، اور ہمیں اتحاد، قربانی، اور حب الوطنی کے جذبے پر ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ آمین