312

دہشتگردوں کا بزدلانہ وار، ایف سی کے 7 اہلکار شہید، آئی ایس پی آر

کوئٹہ (ندیم عباس بھٹی) ملک دشمن عناصر نے بلوچستان میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے ایف سی کے سات اہلکاروں کو شہید کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ رات دہشتگردوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے، واقعے میں دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں سات اہلکار شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کے تمام جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، واقعے کے بعد دہشت گردوں کو پکڑنےکیلئے سیکیورٹی فورسز نے علاقےکامحاصرہ کیا، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں تحویل میں لےلی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اہلکاروں میں نائب صوبیدار گلزار ،سپاہی فیصل، سپاہی شیر زمان ،سپاہی جمال، سپاہی عبدالرؤف اور سپاہی فقیرمحمد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشتگردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں امن کوسبوتاژ نہیں کرسکتیں۔ اس سے قبل چوبیس دسمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کا ایک نائیک شہید اور7 جوان زخمی ہوئے تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے پر فوری جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع آواران میں سلک کور میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیاتھا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شعیب نے جام شہادت نوش کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے۔ یاد رہے کہ دو دن قبل بھی سیکورٹی فورسز نے آواران میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، یہ کارروائی آواران کے علاقے کیل کور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی۔