Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /customers/9/f/a/urdunama.eu/httpd.www/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
373

زکوۃ کس کو دی جائے۔

تحریر  غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری
سوال    معدنیات پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    قرض میں دی ہوئی رقم پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    قرض کی واپسی کی اُمیدِ واثق ہو تو زکوٰۃ دے دے، ورنہ جب قرض واپس ملے تو گزشتہ تمام سالوں کی زکوۃ دے۔
سوال    مقروض زکوٰۃ دے گا؟

جواب     قرض ادا کرے، باقی ماندہ رقم اگر نصاب کو پہنچتی ہے تو زکوٰۃ دے ۔
سوال    ایک شخص مر گیا، اس پر ایک دو سالوں کی زکوٰۃ ہے، کیا وہ ادا کی جائے گی؟
جواب    زکوٰۃ اللہ کا قرض ہے، اس کے متروکہ مال سے ادا کی جائے گی، خواہ اس نے وصیت نہ کی ہو۔
سوال    زکوٰۃ کافر کو دی جا سکتی ہے؟
جواب    مشرک ، کافر اور بدعتی کو زکوٰۃ نہیں دی جا سکتی۔
سوال    زکوٰۃ کی رقم مسجد پر خرچ کی جا سکتی ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    سونے کا نصاب کیا ہے؟
جواب    بیس دینار جو کہ پچاسی گرام بنتے ہیں۔
سوال    سونا ہے ،زکوٰۃ ادا کرنے کے لیے پیسے نہیں، کیا کرے گا؟
جواب    سونے سے کچھ بیچ کر زکوٰۃ دے گا۔
سوال    سونے کی زکوٰۃ کرنسی کی صورت میں دی جا سکتی ہے؟
جواب    جی ہاں!
سوال    بیوی کے زیورات کی زکوٰۃ کون دے گا؟
جواب    بیوی خود دے گی۔
سوال    حرام مال نصاب کو پہنچ جائے تو زکوٰۃ دے گا؟
جواب    جی ہاں!
سوال    باپ بیٹی کو زکوٰۃ دے سکتا ہے؟
جواب    شادی شدہ ہے تو دے سکتا ہے، یاد رہے ہر اُس شخص کو زکوٰۃ دی جاسکتی ہے جو کفالت میں نہ ہوں۔
سوال    وقت سے پہلے زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب    جی ہاں!
سوال    زیورات پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نصاب کو پہنچ جائیں توزیورات پرزکوٰۃ فرض ہے۔
سوال    دو بھائی ایک ہنڈیا میں کھاتے ہیں، ہر ایک کے پاس سونا ہے، جو نصاب کو نہیں پہنچتا،کیا ایسی صورت میں زکوٰۃ دے جائے گی؟
جواب    نہیں! چونکہ ہر ایک اپنے سونے کا مالک ہے،وہ نصاب کو نہیں پہنچتا، لہٰذا وہ اکٹھا کرکے زکوٰۃ نہیں دیں گے۔
سوال    حق مہر مقرر ہوا،ادائیگی نہیں ہوئی، زکوٰۃ بیوی دے گی یا خاوند؟
جواب    مہر خاوند کے ذمہ بیوی کا حق ہے،جب تک وہ مہر اس کے ہاتھ میں نہیں آ جاتا، زکوٰۃ نہیں دے گی، مالکہ بن جائے گی اور وہ نصاب کو پہنچ جائے تو سال گزر جانے پر زکوٰۃ دے گی۔
سوال    دُکان میں موجود سامان پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    جی ہاں! وہ مالٰ تجارت ہے، اس پر زکوٰۃ فرض ہے۔
سوال    مکان، گاڑی اور جائیداد پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    گھر کرائے پر دے رکھا ہے، کیا اس پر زکوٰ ۃ ہے؟
جواب    نہیں!البتہ کرائے کی رقم نصاب کو پہنچتی ہو اور اس پر ایک سال بھی گزر جائےتو زکوٰۃ ہے۔
سوال    ایک آدمی زمین کے لین دین کا کام کرتا ہے،کیا اس کی جائیداد پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    وہ جائیداد مالِ تجارت ہے، لہٰذا زکوٰۃ ہے۔
سوال    سبزیوں پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    مدفون خزانہ ہاتھ لگ گیا، کیا زکوٰۃ ہے؟
جواب    اسی وقت اس میں خمس نکالے گا، سال گزرنے کی انتظار نہیں کرے گا۔
سوال    بھینسوں پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    جی ہاں!بھینس گائے ہی کی جنس ہے، لہٰذا اس پر زکوٰۃ ہے۔
سوال    گھوڑوں پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!گھوڑوں، خچروں اور گدھوں پر زکوٰۃ نہیں۔
سوال    گنے پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    کن اجناس پر زکوٰۃ فرض ہے؟
جواب    گندم، جَو،کھجور، کشمکش۔
سوال    جن اجناس پر زکوٰۃ ہے تو اُن کی کتنی مقدار پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    پانچ وسق۔
سوال    پھلوں پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    اجناس میں کتنی زکوٰۃ ہے؟
جواب    بارانی فصل ہو تو دسواں حصہ اور نہری ہو تو بیسواں حصہ زکوٰۃ دی جائے گی۔
سوال    سونے اور چاندی پر کتنی زکوٰۃ دے ؟
جواب    چالیسواں حصہ
سوال    کیا شہد پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    جی ہاں!شہد پر عشر ہے۔
سوال    جن جانوروں پر زکوٰۃ ہے، ان کی زکوٰۃ کے لیے کیا شرائط ہیں؟
جواب    اونٹ، گائے اور بکریوں پر زکوٰۃ فرض ہے۔
١۔    وہ نصاب کو پہنچ جائیں۔
٢۔    سال گزر جائے۔
٣۔    کھیتوں میں چرنے والے ہوں۔
سوال    گائیوں کی زکوٰۃ کیسے ادا کی جائے گی؟
جواب    تیس گائیوں پر ایک سال کا بچھڑا ، چالیس پر دوندا بچھڑا دیا جائے گا۔
سوال    بکریوں کا نصاب زکوٰۃ کیاہے؟
جواب    چالیس سے کم بکریوں پر زکوٰۃ نہیں، 40 سے لے کر 120پر ایک بکری، 121سے 200تک دو بکریاں،201سے 300تک تین بکریاں ،جب300سے بڑھ جائیں تو ہر 100پر ایک بکری زکوٰۃ دی جائے گی۔
سوال    اگر 40 بکریوں دو آدمی شریک ہوں تو وقتِ زکوٰۃ ان کو علیحدہ علیحدہ کر سکتے ہیں؟
جواب    بالکل نہیں،یہ حرام فعل ہے، یہ ان لوگوں کا ایجاد کردہ حیلہ ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے بندر اور خنزیر بنا دیا تھا۔
سوال    مسافر کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب    ہاں! ضرورت مند ہو تو دی جا سکتی ہے۔
سوال    قیمتی پتھروں اور جواہرات پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    فیکٹری اور اس میں موجودمشینری پر زکوٰۃ ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    کیا امام مسجد کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب    حاجت مند ہے تو زکوٰۃ دینا اچھا ہے۔
سوال    تالیف قلب کے لیے مشرک کو زکوٰۃ دی سکتی ہے؟
جواب    اگر غرض اورمقصد یہ ہو کہ وہ توحید باری تعالیٰ کو قبول کرلے گا تو دی جا سکتی ہے، جیسا کہ نبی کریم نے صفوان بن امیہ کو حنین کے مالِ غنیمت سے حصہ دیا تھا، جبکہ وہ مشرک تھا۔(دیکھیں: صحیح مسلم:٢٣١٣) البتہ کوئی کافر مسلمان ہوگیا ہو تو اسے اخلاص ، یقین کامل اور اسلام پر بشاشتِ قلبی کے لیے زکوٰۃ دی جا سکتی ہے۔
سوال    اگر ایک ہی وقت میں بہت سارے مصارفِ زکوٰۃ موجود ہوں، تو کیا ایک مصرف میں زکوٰۃ صرف کی جاسکتی ہے؟
جواب    کی جا سکتی ہے، کوئی حرج نہیں۔
سوال    کیا ”سید” کوزکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب    نہیں!بنو ہاشم اور بنو عبد المطلب کے لیے زکوٰۃ جائز نہیں۔
سوال    بیوی اپنے شوہر کوزکوٰۃ دے سکتی ہے؟
جواب    دے سکتی ہے۔
سوال    فاسق کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب    جب تالیف قلب مقصود ہو تو دی جا سکتی ہے، ورنہ نہیں، بشرطیکہ وہ اسے گناہ کے کاموں میں خرچ نہ کرے۔
سوال    بے نمازی کو زکوٰۃ کو دی جا سکتی ہے؟
جواب    نہیں!
سوال    ایک آدمی کو قرض دے رکھا ہے، کیا زکوٰۃ کی مد میں قرض چھوڑا جا سکتا ہے؟
جواب    جی ہاں!
سوال    زکوٰۃ دوسرے شہر یا ملک میں منتقل کی جا سکتی ہے؟
جواب    بوقتِ ضرورت ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
سوال    زکوٰۃ کی رقم سے کسی غریب کو حج یاعمرہ کروایا جاسکتا ہے

جواب   نہیں
سوال    زکوٰۃ کی رقم سے کفن وو دفن کا انتظام جائزہے؟
جواب    نہیں!
سوال    زکوٰۃ کی رقم سے قبرستان کی چار دیواری بنانا جائز ہے؟
جواب    نہیں! کیونکہ یہ مصارفِ زکوٰۃ میں سے نہیں۔

سوال    صدقہ فطر میں جنس ہی ادا کی جائے گی یا قیمت بھی ادا کی جا سکتی ہے؟
جواب    قیمت بھی ادا کی جا سکتی ہے۔
سوال    صدقہ فطر فرض ہے؟
جواب    جی ہاں! فرض ہے۔
سوال    صدقہ فطر کن پر فرض ہے؟
جواب    ہر مسلمان مرد، عورت، آزاد، غلام اور ہر چھوٹے بڑے پر فرض ہے۔
سوال    صدقہ فطر کی مقدار ؟
جواب    جو جنس کھاتے ہیں وہ 2سیر 4چھٹانک، تقریباً دو کلو گرام، یا اس کے برابر قیمت صدقہ فطر میں ادا کی جائے گی۔
سوال    صدقہ فطر کب ادا کیا جائے گا؟
جواب    نماز عید سے پہلے، یا عید سے ایک دو دن پہلے۔
سوال    صدقہ فطر کس کو دیا جائے؟
جواب    صرف مسلمان مساکین کو ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں