Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /customers/9/f/a/urdunama.eu/httpd.www/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
257

عصبیت کو توڑئیے۔ Break the Prejudice

کسی بھی معاشرے میں اگرجتھے بندی کا رواج عام ہو جائے تو جان لینا چاہئے کہ انصاف کی فراہمی کا نظام تباہ ہو چکا ہے اور عام آدمی کا اس سے یقین اٹھ گیا ہے۔ اب لوگوں کے پاس صرف یہی رستہ باقی بچا ہے کہ وہ گروہ کی صورت میں اپنا تحفظ کریں۔ ایسے معاشرے میں قومی سطح کی عصبیت پروان نہیں چڑھ سکتی کیونکہ لوگ محدود گروہی عصبیتوں کی فصیلوں میں خود کو زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

پاکستان میں بھی یہی صورتحال ہے۔ انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے گروہی عصبیتیں اس وسیع پیمانے پر پھیل چکی ہیں کہ پورا معاشرہ ایک طرح سے متحارب قبائل میں تقسیم نظر آتا ہے۔ ہر قبیلہ جائزوناجائز اور حق و ناحق کی تفریق بھول کر اپنے افراد کا ساتھ دے رہا ہے۔ چونکہ قومی سطح لوگوں کو جوڑنے والی عصبیت ناپید ہے اس لئے عام افراد سے لے کر دانشوروں تک، سب ملک کے وجود پر سوال اٹھاتے رہتے ہیں۔

اگر کوئی وکیل مشکل میں پڑ جائے تو اس کا قبیلہ ہتھیار سونت کر اس کے دفاع میں کھڑا ہو جائے گا۔ اسی طرح ڈاکٹرز کا قبیلہ اپنے افراد کے تحفظ کے لئے ہر رستہ اختیار کرے گا چاہے اس کے نتیجے میں لوگ مرتے رہیں۔ کلرکوں کا جتھہ جب چاہتا ہے قلم چھوڑ ہڑتال کے ذریعے حکومتی نظام کو جام کر دیتا ہے۔ حکمران جماعت اپنے کارکنوں کے لئے ہر قانون توڑ دیتی ہے تاکہ اس کا ووٹر اپنے تحفظ کے لئے اس کے ساتھ جڑا رہے۔ اپوزیشن کا کوئی اہم فرد کرپشن کے الزامات پر گرفتار ہو جائے تو پوری جماعت اسے بچانا اپنی اولین ترجیح بنا لیتی ہے۔ اسی طرح اگر موٹروے پولیس فوجیوں کا چالان کرنا چاہے تو وہ اپنی بٹالین بلا کر چالان کرنے والے افسر پر تشدد شروع کر دیتے ہیں۔

اوپر کی سطح سے لے کر نچلی سطح تک ہر جگہ گروہ بندی کے ذریعے اپنے لوگوں کا تحفظ کرنے کی ریت چل نکلی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایسا نظام موجود نہیں ہے جس کے متعلق عام آدمی کو یقین ہو کہ وہ اسے طاقتور کی دستبرد سے بچا سکے گا۔ جس دن ایسا نظام وجود میں آیا، یہ سارے گروہ ہتھیار ڈال کر اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنا شروع کر دیں گے۔

سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہماری حکمران جماعت اس صورتحال کو برقرار رکھنے کے حق میں ہے کیونکہ اس کے ذریعے وہ اگلا الیکشن آسانی سے جیت سکتی ہے۔ جو قوم گروہوں، برادریوں اور قبائل میں تقسیم ہو وہاں پوری قوم سے ووٹ مانگنے کی بجائے ان گروہوں کے بڑوں کو اپنے ساتھ ملا لینا آسان ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پورا حکومتی سیٹ اپ میرٹ کی بجائے ذاتی یا سیاسی وفاداری کو اہمیت دیتا ہے۔ جس معاشرے میں میرٹ کا کلچر پروان چڑھنے لگے وہاں گروہی عصبیتیں دفن ہونے لگتی ہیں کیونکہ میرٹ کی بنیاد پہ استوار نظام ہر سطح پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے لگتا ہے۔

یہی وہ اصل سٹیٹس کو ہے جسے توڑنا ہمارا پہلا خواب ہونا چاہئے اور ووٹ ڈالتے وقت یہی معیار ہمارے مدنظر ہونا چاہئے۔ جب تک میرٹ کی حکمرانی نہیں ہو گی اور اس کے نتیجے میں انصاف کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جائے گی اس وقت تک یہ قوم چھوٹے چھوٹے قبائل کی شکل میں تقسیم ہو کر آپس میں لڑتی رہے گی اوراشرافیہ کا طبقہ اس سے فائدہ اٹھا کر حکمرانی کرتا رہے گا۔

( تعارف : مجاہد حسین، کالم نگار، مکالمہ ڈاٹ کام)

اپنا تبصرہ بھیجیں