239

چیئرمین منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا جرمنی کولون کی مرکزی جامع مسجد کا دورہ

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا The Turkish-Islamic Union for Religious Affairs (DITIB) کے چئیرمین Alaatti Salçiks کی دعوت پر کولون مرکزی جامع مسجد کا دورہ کیا ہے۔ چئیرمین Alaatti Salçiks نے اسلامک سنٹر پہنچنے پر چیئرمین سپریم کونسل کو خوش آمدید کہا اور سنٹر کا تفصیلی دورہ کروایا، اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل نے Alaatti Salçiks سے ترکیہ میں حالیہ زلزلہ پر اظہار افسوس کیا اور زلزلہ میں وفات پاجانے والے احباب کے لیے تعزیت اور دعائے مغفرت کی اور ترکیہ کے متاثرہ علاقوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں بارے بھی آگاہ کیا۔

دریں اثنا چیئرمین سپریم کونسل نے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ کے شہرۂ آفاق ترجمۃ القرآن “عرفان القرآن” کا انگریزی ترجمہ The Glorious Quran اور کتاب “سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اصل خاکہ” کی جرمن زبان میں ترجمہ شدہ کاپی بطور تحفہ دی، Alaatti Salçiks نے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دین اسلام کے تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے کی گئی خدمات کو خوب سراہا اور احادیث مبارکہ کی ترکش زبان میں کتاب بطور تحفہ چیئرمین سپریم کونسل کو پیش کی۔ دورہ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے صدر میاں عمران الحق، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر چن نصیب،  منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جرمنی کے صدر میاں مقصود اکرام اور فیض عالم صاحب بھی موجود تھے۔