220

یورپی گاڑیوں پر امریکی محصولات کا جواب دیں گے، یورپی یونین

یورپی یونین کی تجارتی أمور کی سربراہ سسیلیا مانسٹرم نے کہا ہے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی موٹرگاڑیوں اور ان کے پارٹس پر محصولات عائد کیے تو 28 ملکوں کا یورپی بلاک امریکہ کے خلاف جوابی اقدامات کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے یکم جون کو یورپی یونین سے درآمد ہونے والے اسٹیل اور المونیم پر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا تھا، جس کا جواب یورپی یونین نے امریکی مصنوعات پر ٹیکس لگا کر دیا تھا اور اب صدر ٹرمپ محصولات کا دائرہ آٹو انڈسٹری تک بڑھانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

مانسٹرم نے برسلز میں جرمن مارشل فنڈ اور یورپی یونین کی میزبانی میں ہونے والی ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اگر امریکہ نے کاروں پر ٹیکس لگایا تو یورپی یونین جوابی اقدامات کی ایک فہرست سامنے لائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس صورت حال کو بڑھاوا دینا نہیں چاہتے لیکن ہمارے پاس سوائے رد عمل کے کوئی اور چارہ نہیں ہے۔ ہم نے وہ قدم اٹھایا ہے جسے ہم معقول، متناسب اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سمجھتے ہیں۔

نئے محصولات سے قیمتیں بڑھنے کے نتیجے میں یورپ کی موٹر سازی کی بڑی صنعت اور اس کی برآمدات، اور امریکہ میں صارفین اور گاڑیاں بنانے والوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مانسٹرم اور یورپی یونین کمشن کے صدر جین کلاؤڈ جنکر اگلے ہفتے واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے پچھلے ہفتے یورپ کے اپنے دورے میں متعدد بار یہ کہتے ہوئے یورپی یونین پر نکتہ چینی کی تھی کہ یورپی بلاک ایک بے انصاف اور دشمن کاروباری شراکت دار ہے۔

یورپ سے ہر سال تقریباً 47 ارب ڈالر مالیت کی گاڑیاں امریکہ بھیجی جاتی ہیں ۔ یورپی یونین آٹو انڈسٹری کی ایسوسی ایشن کے مطابق یورپی بلاک کے کارکنوں میں سے چھ فی صد سے زیادہ موٹر سازی کی صنعت سے وابستہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں