313

بیس روپے میں جہاز کی ریٹرن ٹکٹ

عنوان پڑھنے سے لگتا ہے کوئی لطیفہ لکھا گیا ہے، مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ یورپ میں کم کرائے والی ائرلائنز بعض دفعہ اپنی مشہوری کیلئے ٹکٹ اتنی سستی لگا دیتی ہیں کہ انسان کے لئے یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

سستی ٹکٹ کا ایسا ہی ایک واقعہ خود راقم کے ساتھ پیش آیا جب ایک یوپین ائرلائنز کی ویب سائیٹ پر سویڈن کے شہر سٹاک ہوم سے ایک یورپی ملک لٹویا کے شہر ریگا تک کی ریٹرن ٹکٹ صرف دو سویڈش کراؤن کی لگی ہوئی تھی یعنی ایک کراؤن جانے کا اور ایک کراؤن واپس آنے کا۔ آجکل ایک سویڈش کرونا پاکستانی چودہ روپے کا ہے مگر ان دنوں دس روپے کا تھا۔ اتنی سستی ٹکٹ دیکھی تو بغیر سوچے سمجھے پندرہ دنوں کیلئے ٹکٹ بک کر لی۔

فلائٹ سے کچھ دن پہلے لٹویا کی کچھ کرنسی خریدنے کا پروگرام بنایا تو یہ دیکھ کر حیرت کی انتہا نہ رہی کہ ایک لٹوین لاٹ میں چودہ سویڈش کرونے آتے تھے یعنی وہاں کی کرنسی برطانوی پاؤنڈ سے بھی بڑی تھی۔ خیر اب کیا ہوسکتا تھا ضرورت کے مطابق کرنسی خرید لی۔ جہاز مقررہ وقت پر اُڑا اور ٹھیک پچاس منٹ بعد ریگا لینڈ کر گیا۔ فلائیٹ کے دوران کھانے پینے کی ہر چیز کے پیسے علیحدہ تھے حتٰی کہ پانی بھی پیسوں کے ساتھ دستیاب تھا۔ ائرپورٹ کے باہر ہوٹل جانے کیلئے ٹیکسی لی تو دوبارہ حیران ہوا کیونکہ آدھا گھنٹہ ٹیکسی چلتی رہی اور ہوٹل پہنچ کر بل صرف ڈیڑھ لاٹ یعنی سویڈن کے بیس کرونے، پاکستانی ڈھائی سو روپے بنے۔

لٹویا یورپ کا غریب ملک ہے اور وہاں لوگوں کی تنخواہیں کم ہیں اسلئے مہنگائی بھی کم ہی ہے۔ دو تین دن میں لٹویا کے تین شہر گھوم لئے اور بس کی ٹکٹ بک کروا کر ساتھ والے ملک لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیس چلا گیا۔ دو تین دن وہاں گزارنے اور دو شہر گھومنے کے بعد ریگا دوبارہ بذریعہ بس واپسی ہوئی۔ دونوں ممالک روس سے آزاد ہوئے تھے اور اب یورپین یونین میں ہیں مگر بس پر سفر کرتے ہوئے دیہاتوں اور چھوٹے قصبوں میں دوسری جنگ عظیم کے دوران ٹوٹی پھوٹی اور آگ سے کالی لکڑی کی عمارتیں نظر آئیں۔

دس دن یہاں گزارنے کے بعد کچھ بوریت محسوس ہوئی تو ائرلائن کو فون کیا تاکہ واپسی کی ٹکٹ تبدیل کروائی جائے۔ بات کرنے پر حیرت کا پہاڑ ٹوٹ پڑا کیونکہ جو ٹکٹ دو کرونے کی خریدی گئی تھی اسکی تاریخ تبدیل کروانے پر 1500 کرونا فیس تھی۔

ہیں کواکب کچھ نظر آتے ہیں کچھ
دیتے ہیں دھوکا یہ بازی گر کھلا

ٹکٹ تبدیل کروانے کی فیس سن کر بقیہ چار دن ریگا میں سکون کیساتھ سیر کرتے ہوئے گزارے اور مقررہ دن سٹاک ہوم واپسی ہو گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں